کنداپور 9 فروری (ایس او نیوز) ماروتی آلٹو اور بائک کے درمیان ہوئی خطرناک ٹکر میں بائک پر سوار دونوں نوجوان ہلاک ہوگئے جن کی شناخت کرن میستا (24) اور رویندرا کمار (25) کی حثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ پیر کی رات قریب 10:30 بجے کنداپور کے چرچ روڈ پر پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بائک کوڈی سے کنداپور کی طرف جارہی تھی جبکہ مخالف سمت سے آنے والی کار کی رفتار اتنی تیز تھی کہ ٹکر لگتے ہی بائک سواروں کے سروں کو شدید چوٹ لگی، دونوں کو فوری طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا مگر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دونوں نے دم توڑ دیا۔ مہلوک کرن میستا کنداپور کے مڈّوگُڈا کا رہنے والا تھا اور میڈیکل فیلڈ میں کام کرتا تھا جبکہ کنداپور کے نیرلاکٹے کا رہنے والا رویندرا کمار اُڈپی کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازم تھا۔
کنداپور ٹریفک پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔
